سرفراز کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ درست تھا، وسیم اکرم

جس طرح کی کنڈیشن تھیں اور دھوپ نکلی ہوئی تھی اگر میں بھی ٹاس جیت لیتا تو پہلے بیٹنگ ہی کرتا، وسیم اکرم—فائل فوٹو۔

لیڈز: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ماضی کے عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کپتان سرفراز احمد کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ درست قرار دے دیا۔

جمعے کو ہیڈنگلے میں جیو سے بات چیت کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ جس طرح کی کنڈیشن تھیں اور دھوپ نکلی ہوئی تھی اگر میں بھی ٹاس جیت لیتا تو پہلے بیٹنگ ہی کرتا۔

’ہمیں انگلینڈ کے بولروں کو کریڈٹ دینا ہوگا جنہوں نے کنڈیشنز کو بہت اچھے طریقے سے استعمال کیا لیکن جب میچ شروع ہوا تو گیند مسلسل ہل رہا تھا۔‘

وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان کی پہلی اننگز میں کوئی گیند ایسی نہیں تھی جو سوئنگ نہ ہوئی ہو، ہلتی ہوئی گیندوں پر کسی بھی لمحے پاکستانی بیٹنگ کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا، لاردز ٹیسٹ میں کچھ گیندیں ایسی تھیں جو سیدھی رہ رہی تھی لیکن ہیڈنگلے کی کنڈیشنز مشکل تھیں جس پر بیٹسمینوں کو الزام دینا درست نہیں ہے۔

وسیم اکرم نے شاداب خان کی بیٹنگ صلاحیتوں کو کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ شاداب کو میں نے اسلام آباد یونائیٹیڈ میں منتخب کیا تھا، ہر اننگز کے بعد شاداب ایک منجھے ہوئے کھلاڑی کے طور پر سامنے آرہے ہیں۔

خیال رہے کہ کپتان سرفراز احمد نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پاکستانی ٹیم محض 174 ہی بناسکی۔

سرفراز کے بارے میں کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ وکٹ کو سمجھ نہ سکے، ابر آلود موسم میں گرمی تھی، بظاہر پچ سے گھاس غائب تھی لیکن پاکستان کی پہلی اننگز میں پچ پر گیند گھومتی رہی۔

مزید خبریں :