سرفراز کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنا درست فیصلہ تھا، رمیز راجہ

سرفراز نے جب بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اس وقت دھوپ نکلی ہوئی تھی اور پچ پر گھاس نہیں تھی، زمیر راجہ۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز حسن راجا کا کہنا ہے کہ ہیڈنگلے لیڈز پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ درست تھا۔

پاکستان کے لیے 57 ٹیسٹ میچوں میں 31.83 کی اوسط سے 2833 رنز بنانے والے رمیز راجا کہتے ہیں کہ مجھے خوشی ہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ قومی ٹیم میں کچھ کرنے اور خود کو منوانے کا جذبہ نظر آرہا ہے۔

سابق کپتان کہتے ہیں کہ لارڈز کی فتح کے بعد لیڈز میں کھلاڑیوں کے حوصلے بلند دکھائی دے رہے ہیں جو ایک حقیقت پسندانہ سوچ کے مترادف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرفراز کا پہلے بیٹنگ کرنا ایک دلیرانہ فیصلہ تھا جسے سراہنا چاہیے۔

رمیز راجا کے خیال میں پاکستان ٹیم کے کپتان نے جب بیٹنگ کا فیصلہ کیا اس وقت دھوپ نکلی ہوئی تھی اور پچ پر گھاس نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ عین ممکن تھا کہ انگلش کپتان جو روٹ بھی ٹاس جیتے تو وہ بھی یہی کرتے جو سرفراز نے کیا۔

1992ء میں ہیڈنگلے پر انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلنے والے رمیز راجا کہتے ہیں کہ ٹھنڈی ہوا چل رہی ہو، آسمان پر بادل ہوں تو اس گراونڈ پر ویسے ہی بیٹس مین بولرز کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ یہ درست ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم لارڈز ٹیسٹ کھیل کر شدید دباؤ محسوس کر رہی ہے اور قومی ٹیم کے پاس سیریز جیتنے کا یہ ایک بہترین موقع ہے۔

رمیز راجا نے لیڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صفر پر آوٹ ہونے والے امام الحق کے حوالے سے کہا کہ تھوڑا صبر امام کا اتنی جلدی تجزیہ کرنا غیر مناسب ہو گا، وہ ایک نوجوان بیٹس مین ہے، جو کچھ کرنا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امام انگلینڈ میں پہلی سیریز کھیل رہا ہے اسے تھوڑا وقت دینا مناسب ہو گا، انگلینڈ میں آکر تو بڑے بڑے تجربے کار بیٹس مین مشکلات ہو شکار ہو جایا کرتے ہیں۔

یارکشائر کاونٹی کے ہوم گراونڈ ہیڈنگلے پر دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن قومی ٹیم جو کھانے کے وقفے پر 68 رنز پر چار وکٹ سے محروم ہو چکی تھی، دوسرے سیشن میں 48.1 اوورز کے کھیل کے بعد 174 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

اپنا چوتھا ٹیسٹ کھیلنے والے شاداب خان کیرئیر کی تیسری نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے، 10 چوکوں کے ساتھ پاکستان کی اننگز کے ٹاپ اسکورر 56 رنز بنا کر انگلینڈ کے لیے پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے 19 سالہ سیم کرن کی ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی وکٹ بنے۔

بائیں ہاتھ کے میڈیم فاسٹ بولر کی گیند پر شاداب کا کیچ جینگس نے لیا۔

پاکستان کی پہلی اننگز میں حارث سہیل نے 28 اسد شفیق نے 27اور حسن علی نے 24رنز بنائے۔

مزید خبریں :