کھیل

لیڈز میں پچ اور کنڈیشنز دیکھ کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا: سرفراز احمد


لیڈز: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کہنا ہے کہ ہیڈنگلے گراؤنڈ پر پچ اور کنڈیشنز کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

جیونیوز کے پروگرام ’اسکور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ بطور کپتان ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیتنا اور فیصلہ کرنا اچھا احساس تھا مگر اب یہ فیصلہ ہمارے حق میں نہیں گیا تو کوئی بات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب صبح کے وقت پچ دیکھنے گیا تو وہ بیٹنگ کے لیے ساز گار لگ رہی تھی اس لیے عین ممکن تھا اگر جوروٹ بھی ٹاس جیتتے تو وہ بھی ایسا ہی کرتے۔

کپتان سرفراز کا کہنا تھا کہ پہلی اننگز میں ہم سے بیٹنگ کرتے ہوئے غلطیاں ہوئیں لیکن دوسری اننگز میں ہمیں غلطیاں سدھارنے کا ایک موقع ضرور ملے گا اور ہم کوشش کریں گے کہ اچھا اسکور بنا کر انگلینڈ کو لیڈز میں بھی شکست دیں۔

انہوں نےکہا کہ جب آپ دبئی میں کھیل رہے ہوں تو ٹاس جیتنا اچھا لگتا ہے کیوں کہ وہاں حالات بیٹنگ کے لیے سازگار ہوتے ہیں۔

 قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر بات کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے، ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور امید کرتا ہوں کہ لڑکے اسی انداز میں اپنے کھیل کے تسلسل کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔

مزید خبریں :