03 جون ، 2018
کراچی: کویت کی حکومت نے بھارت سے پھل اور سبزی کی درآمد پر پابندی عائد کردی۔
حکومت کویت کے وزارت تجارت کے مطابق کویت کی فوڈ سیفٹی کمیٹی نے بھارت سے درآمدی پھل اور سبزی میں نپھا وائرس کی موجودگی کی رپورٹ پر پابندی کی تجویز دی تھی۔
کویتی فوڈ سیفٹی کمیٹی کے مطابق بھارت کی ریاست کیرالہ اور جنوبی بھارت میں نپھا وائرس کی وباء پھیل رہی ہے اور نپھا وائرس انسان اور جانور دونوں کے لیے خطرے کا باعث ہے۔
اس حوالے سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدر وحید احمد کا کہنا ہے کہ کویت حکومت کا درآمدی بھارتی پھل اور سبزی پر پابندی سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔
انہوں ںے کہا کہ بھارتی پھل اور سبزیوں پر پابندی سے پاکستان سے کویت پھل اور سبزی کی برآمد دگنی ہوجائے گی۔
وحید احمد نے بتایا کہ نپھا وائرس سے انسان اور جانور دونوں کو نقصان پہنچاتا ہے اور یہ وائرس بھارت کی دو ریاستوں میں سامنے آیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات نے بھی بھارت سے تازہ پھلوں اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی عائد کردی تھی۔
یہ پابندی جنوبی بھارتی ریاست کیرالہ میں نپھا وائرس سے 13 افراد کی ہلاکت کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد عائد کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ نپھا وائرس چمگادڑوں کے ذریعے پھلوں اور سبزیوں تک پہنچتا ہے اور پھر انسانوں اور جانوروں میں منتقل ہوجاتا ہے۔ اس وائرس میں موجود جراثیم دماغ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔