زعیم قادری کے معاملے کا حل نکال لیا جائے گا، مصدق ملک پر امید

ابھی پارٹی ٹکٹوں کا اعلان کیا ہی نہیں گیا، مصدق ملک—فائل فوٹو۔

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما مصدق ملک نے امید کا اظہار کیا ہے کہ زعیم قادری کے معاملے کا حل نکال لیا جائے گا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے زعیم قادری کا بحیثیت آزاد امیدوار انتخاب لڑنے کا اعلان قبل از وقت قرار دے دیا اور کہا کہ ن لیگ نے ابھی پارٹی ٹکٹوں کا اعلان کیا ہی نہیں ہے۔

دوسری جانب زعیم قادری کی پریس کانفرنس پر تحریک انصاف کا رد عمل بھی سامنے آگیا۔

پی ٹی آئی کے رہنما علیم خان نے کہا کہ زعیم قادری بارش کا پہلا قطرہ ہے، ن لیگ کی اصلیت سامنے آگئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی زعیم قادری کو خوش آمدید کہے گی، اُن کے لیے دروازے کھلے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ زعیم قادری تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کریں گے تو یہاں اُن کا خیرمقدم ہوگا۔

اس سے قبل زعیم قادری نے حمزہ شہباز کو الیکشن کا چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرا مقابلہ تمہارے ساتھ ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما زعیم قادری کا اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چھوٹے کارکن کی حیثیت سے عملی سیاست کا آغاز کیا، میرے خون میں مسلم لیگ تھی ہے اور رہے گی، میرے والد نے ایوب خان اور یحیٰ خان کے دور میں جیلیں کاٹیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے 5 سال پابند سلاسل رہا، 8 سال نواز شریف کا ترجمان رہا اور مسلم لیگ ن پنجاب کا سیکریٹری جنرل بھی رہا۔

ان کا کہنا تھا 2002 میں نواز شریف اور کلثوم نواز کا کورنگ امیدوار تھا، میری جگہ کچھ اور لوگوں کو آگے کر دیا گیا لیکن ایک لفظ نہیں کہا، اس بار بھی میری جگہ کسی اور امیدوار کو آگے کر دیا گیا۔

زعیم قادری نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 133 سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز کے بوٹ پالش نہیں کر سکتا، نوکری صرف اپنے کارکنوں کی کروں گا۔

انہوں نے حمزہ شہباز کو محاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’سن لو تم، لاہور تمہارے باپ کی جاگیر نہیں ہے، تمہیں سیاست کر کے دکھاؤں گا‘۔

خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے ناراض رہنما چوہدری نثار بھی آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔

مزید خبریں :