Time 25 جون ، 2018
کھیل

فکسنگ کے انکشافات:عمر اکمل کی اینٹی کرپشن یونٹ میں پیشی


اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش سے متعلق ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے تحقیقات شروع کردیں۔

عمر اکمل کی لاہور میں پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل ریٹائرڈ اعظم کے سامنے پیش ہوئے۔

ذرائع کے مطابق کرنل ریٹائرڈ اعظم نے دو سے ڈھائی گھنٹے تک عمر اکمل سے سوال جواب کیے۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمر اکمل اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوئے۔

پی سی بی کے مطابق عمر اکمل کو 27 جون کو اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم کرکٹر نے درخواست کی کہ مصروفیات کی وجہ سے 27 جون کی بجائے وہ آج ہی پیش ہونا چاہتے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق عمر اکمل کی درخواست پر عمل کرتے ہوئے ان کا انٹرویو آج ہی منعقد کیا گیا۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ عمر اکمل کے بیان کا معاملہ فی الحال زیر غور ہے اور جلد اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ میچ فکسنگ کی پیشکش کے حوالے سے بیان دینے پر پی سی بی نے عمر اکمل کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہوا ہے اور انہیں 27 جون کو بھی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل کو اپنے بیان پر پچتاوا ہے اور انہوں نے سینئر ساتھیوں اور قانون دانوں سے مشورے شروع کردیے ہیں۔

عمر اکمل نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں 2015 کے ورلڈ کپ میں میچ فکس کرنے کی پیشکش ہوئی تھی۔

ایک نجی ٹی وی کو انٹر ویو دیتے ہوئے عمر اکمل نے کہا تھا کہ ورلڈ کپ میں دو گیندیں نہ کھیلنے پر دو لاکھ ڈالرز کی پیشکش ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف کھیلتا مجھے پیشکش کی جاتی تھی کہ میچ نہ کھیلوں اس کے عوض مجھے پیسوں کی پیشکش کی جاتی تھی لیکن میرا سٹے بازوں کو ہمیشہ یہی جواب ہوتا ہے کہ میں اپنے ملک کے لیے کھیلنا چاہتا ہوں۔

تاہم عمر اکمل نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے ان پیشکشوں کی اطلاع ٹیم انتظامیہ کو دی تھی یا نہیں۔ آئی سی سی قوانین کے تحت اگر کسی کھلاڑی کو سٹے باز کی جانب سے پیشکش ہوتی ہے تو اسے اس کی اطلاع ٹیم انتظامیہ کو کرنا ہوتی ہے۔

ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل ایک سال سے زائد عرصے سے پاکستانی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ وہ کرکٹ کھیلیں یا نہیں ہمیشہ خبروں میں رہتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے عمر اکمل ان فٹ قرار دے کر واپس بھیج دیا گیا تھا جس کے بعد عمر اکمل پاکستانی ٹیم میں واپسی کے لیے غیر معمولی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ میں بھی لاہور قلندرز کی جانب سے وہ مسلسل ناکام رہنے کے بعد ٹیم سے ڈراپ ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :