Time 28 جون ، 2018
پاکستان

(ن) لیگ کے رہنما رانا افضل کو بھی حلقے میں عوام کے غصے کا سامنا


فیصل آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر مملکت برائے خزانہ رانا افضل کو ان کے حلقے میں ووٹرز نے گھیر لیا۔

عام انتخابات کی آمد آمد ہے اور سیاسی جماعتوں کے امیدوار انتخابی مہم کےسلسلےمیں اپنے اپنےحلقوں کا دورہ کررہے ہیں لیکن اس بار بعض سیاسی رہنماؤں کو اپنے حلقے کے لوگوں کی طرف سے سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے رہنماؤں خورشید شاہ، مراد علی شاہ اور ناصر شاہ کو بھی ووٹرز نے گھیر لیا اور ان پر اپنے غصے کا اظہار کیا جب کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما جمال لغاری کو بھی اپنے حلقے کے دورے پر ووٹرز کے غصے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے ایک اور رہنما بھی ووٹرز کے غصے کی زد میں آگئے ہیں اور انہیں ووٹرز نے حلقے کے دورے پر کھری کھری سنادی۔

جیونیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر مملکت برائے خزانہ رانا افضل فیصل آباد میں اپنے حلقے این اے 110 کے دورے پر گئے جہاں ایک کارنر میٹنگ کے دوران انہیں ووٹرز نے گھیر لیا۔

حلقے کے عوام نے رانا افضل سے کہا کہ 5 سال بعد آپ کو ووٹرز یاد آرہے ہیں، آپ 5 سال کہاں تھے؟

ووٹرز نے شکوہ کیا کہ جب علاقے میں گندے پانی کا مسئلہ کھڑا ہوا تو رانا افضل کے گھر ملاقات کے لیے گئے تو انہوں نے ملاقات تو دور کی بات، ہمیں پہچاننے سے بھی انکار کردیا تھا، جو شخص سیوریج کے مسائل حل نہیں کراسکتا وہ ہمارے لیے کیا کرے گا۔

مزید خبریں :