Time 29 جون ، 2018
کھیل

پولیو کا شکار کراچی کا محمد شعیب بھی فٹبال ورلڈ کپ کا دیوانہ


کراچی: فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2018 تو روس میں جاری ہے، لیکن اس کے بخار میں ہر کوئی مبتلا ہے اور ان ہی میں سے ایک پاکستان کے محمد شعیب بھی ہیں۔

کراچی کے رہائشی محمد شعیب بچپن سے ہی پولیو جیسے مرض کا شکار ہیں، معذوری کے باعث وہ فٹبال نہیں کھیل سکتے لیکن اس کھیل سے محبت ان کی نَس نَس میں بسی ہوئی ہے اور اپنے پسندیدہ فٹبالرز کو لائیو ایکشن میں دیکھنا اُن کا شوق ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محمد شعیب نے بتایا، 'مجھے انگلینڈ کی ٹیم پسند ہے اور میں ورلڈ کپ میں انہیں سپورٹ کر رہا ہوں، انشاء اللہ انگلینڈ جیتے گا اور پھر میرے نعرے ہوں گے چیمپیئن چیمپیئن!'

فٹبال سے محبت محمد شعیب کی نَس نَس میں بسی ہوئی ہے—۔فوٹو/ جعفر حسین

شعیب انگلش پریمیئر لیگ کلب چیلسی کے بھی دیوانے ہیں اور ان کے پاس اس ٹیم کی شرٹ اور دیگر اشیاء بھی موجود ہیں۔

وہ چیلسی کا میچ لائیو دیکھنے کے بھی آرزو مند ہیں۔

انہوں نے بتایا، 'میں چیلسی کو لائیو کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں، یہ میرا سب سے بڑا خواب ہے۔'

انہوں نے بتایا کہ 'چیلسی کلب کے فرینک لیمپرڈ، جون ٹیری اور پیٹر چیک میرے لیجنڈ ہیں، ان سے بڑا کوئی لیجنڈ نہیں'۔

شعیب انگلش پریمیئر لیگ کلب چیلسی کے بھی دیوانے ہیں—۔فوٹو/ جعفر حسین

جب شعیب سے سوال کیا گیا کہ معذوری کبھی ان کی کھیل سے محبت میں رکاوٹ تو نہیں بنی؟

تو ان کا کہنا تھا کہ اللہ جس حال میں بھی رکھے، وہ اس پر شکر گزار ہیں۔


مزید خبریں :