27 جولائی ، 2012
ماسکو…روسی حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے روسی صدر ولادی میرپوٹن کے تیسری مرتبہ صدر کا عہدہ سنبھالنے کے موقع پر حزب اختلاف اور پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کی تحقیقات کے سلسلے میں مزید کئی افراد کوحراست میں لے لیاگیا ہے ۔ گزشتہ روز تحقیقاتی کمیٹی کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق گرفتار کیے جانے والوں میں نکولائی کرسکی اور الیکسی پولیکوچ شامل ہیں۔ بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ پولیس نے چھاپے کے دوران اِن افراد کے زیراستعمال اشیاء جن میں کمپیوٹر ،تحریری مواد،پمفلٹ اوردیگر سامان شامل ہے قبضہ میں لے لیا ہے ۔ پولیس نے 6 مئی کو ہونے والے ہنگاموں کی تحقیقات کے سلسلے میں اب تک 14 افراد کو گرفتار کرکے ان سے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ یہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئی تھیں جب پولیس نے مظاہرے کے دوران حزب اختلاف کے 400 کارکنوں کو گرفتارکرلیا تھا۔