01 جولائی ، 2018
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لیاری کو پانی دینے کے لیے اگر سمندر کا پانی بھی میٹھا کرنا پڑا تو وہ بھی کریں گے۔
لیاری میں پانی کے لیے احتجاج اور پتھراؤ کے بعد چاکی واڑہ میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بے نظیر بھٹو شہید کا وعدہ نبھانا ہے اور ملک کو بچانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے احساس ہے لیاری کے بہت مسائل ہیں، مل کر ہمیں انہیں حل کرنا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میں آپ کے مسائل حل کر سکتا ہوں، یہ میرا پہلا اور کئی لوگوں کا آخری الیکشن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے آپ کا حق کھایا وہ مسائل کیسے حل کرسکتے ہیں جبکہ ایم کیو ایم والے آپس میں لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ غریب عوام کی خدمت کریں گے، اگر حکومت میں آئے تو بیروزگاری کے مسائل کے حل کے لئے علیحدہ وزارت بنائیں گے۔
اس سے قبل لیاری پہنچنے پر بلاول کی ریلی پر علاقہ مکینوں کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا اور ان کے قافلے میں موجود گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے۔
جیسے ہی بلاول بھٹو کی ریلی لیاری کے علاقے بہار کالونی پہنچی تو علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور چیئرمین پیپلز پارٹی کے قافلے کو روک لیا۔
مظاہرین نے پیپلز پارٹی کے خلاف نعرے بازی کی اور بلاول بھٹو کے قافلے میں موجود گاڑیوں پر پتھراؤ کیا اور ڈنڈے بھی برسائے، جس کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کا ایک کارکن زخمی بھی ہوا۔
علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد خالی مٹکے اٹھا کر گھروں کی چھتوں پر چڑھ گئے جس کے باعث بلاول بھٹو کے قافلے کی پیش قدمی رک گئی تاہم اس سارے معاملے میں پولیس مظاہرین کے سامنے بے بس نظر آئی۔