02 جولائی ، 2018
سمارا: فٹبال ورلڈ کپ 2018 کے پری کوارٹر فائنل میچ میں برازیل نے میکسیکو کو دو گول کے مقابلے میں صفر سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
روس میں فٹبال ورلڈکپ اپنی رنگینیوں کے ساتھ جاری ہے اور دوسرے مرحلے میں پری کوارٹر فائنل میں ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہیں۔
روسی شہر سمارا میں کھیلے گئے ناک آؤٹ مرحلے کے میچ میں برازیل نے میکسیکو کو 0-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا ہے اور کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
میچ کے آغاز سے ہی برازیلین ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور برازیل کے اسٹرائیکر نیمار نے 55 ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی۔
کھیل کے 88 ویں منٹ میں برازیل کے روبرٹو نے گول کرکے ٹیم کی برتری 0-2 کردی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
ناک آؤٹ مرحلے کے اس دلچسپ مقابلے میں ریفری نے میکسیکو کو 4 اور برازیل کو 2 یلو کارڈ دکھائے۔
یاد رہے کہ میکسیکو نے اپنے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن جرمنی کو شکست سے دوچار کیا تھا۔