دنیا
27 جولائی ، 2012

امریکا: روس کے ساتھ تجارتی پابندیاں ختم کرنے کی منظوری

واشنگٹن… امریکی کانگرس کی کمیٹی نے روس کے ساتھ تجارت پر سرد جنگ کے زمانے میں عائد کی گئی بعض پابندیاں ختم کرنے کی منظوری دے دی۔ امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق صدر بارک اوباما کی انتظامیہ اور امریکی تجارتی کمپنیاں روس کے ساتھ تجارتی تعلقات بہتر بناننے کے لئے کانگرس سے جلد از جلد منظوری کی خواہاں ہیں تاہم ایوان نمائندگان میں حزب اختلاف کی جماعت ریپبلکن پارٹی کے ارکان کی مخالفت کے بعد انتظامیہ کی کوششیں تاخیر کا شکار ہو سکتی ہیں ۔ اپوزیشن ارکان کا موقف ہے کہ امریکی ٹریڈ یونینز روس کے ساتھ تجارتی تعلقات کی بحالی کی مخالف ہیں ۔ ٹریڈ یونینز کا کہنا ہے کہ روس کی عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) میں شمولیت کے لئے روس حکومت کی طرف سے حال ہی میں جس معاہدہ کی منظوری دی گئی ہے اس میں کئی خامیاں موجود ہیں ۔ ادھر وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر روس کے ساتھ تجارتی تعلقات بہتر بنانے کے لئے کانگرس کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور اس سلسلہ میں قانون سازی کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی کوشش کی جائے گی۔

مزید خبریں :