04 جولائی ، 2018
راولپنڈی: قومی احتساب بیورو(نیب) نے کرپشن کے الزامات پر کسی انتخابی امیدوار کو 25 جولائی تک گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیب نے گزشتہ دنوں این اے 59 سے چوہدری نثار کے مد مقابل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار قمرالاسلام کو گرفتار کیا جس پر (ن) لیگ نے شدید رد عمل کا اظہار کیا تھا جب کہ گزشتہ روز نیب کراچی نےبھی سابق چیئرمین کے پی ٹی جاوید حنیف کو گرفتار کیا جو ایم کیوایم کےانتخابی امیدوار ہیں۔
جیونیوز کےمطابق چیئرمین نیب کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
نیب اعلامیے کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا ہےکہ کرپشن کے الزامات پر انتخابات میں حصہ لینے والے کسی سیاستدان یا انتخابی امیدوار کو 25 جولائی یعنی انتخابات کے دن تک گرفتار نہیں کیا جائے گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ نیب نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف سمیت اہم لیگی رہنماؤں کے مقدمات کا بغور جائزہ لیا اور خواجہ آصف سمیت، رانا افضل اور رانا مشہود کے خلاف مقدمات کو الیکشن تک مؤخر کردیا۔
نیب واضح کرنا چاہتا ہے کہ اس کا سیاست یا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں:اعلامیہ
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ نیب واضح کرنا چاہتا ہے کہ اس کا سیاست یا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں۔
اس کے علاوہ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے اجلاس میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کےخلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جب کہ آشیانہ ہاؤسنگ اقبال اسکینڈل میں گرفتار سابق ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی احد چیمہ کے خلاف بھی ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کے بلین ٹری سونامی منصوبے کے افسران کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی ہے۔