پاکستان
28 جولائی ، 2012

لال مسجد رینجرز اہلکار قتل کیس، مولانا عبدالعزیز کا تحریری بیان جمع

لال مسجد رینجرز اہلکار قتل کیس، مولانا عبدالعزیز کا تحریری بیان جمع

راولپنڈی … لال مسجد کے قریب رینجرز اہلکار کے قتل کیس میں آج لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز، ان کے اہل خانہ اور دیگر ملزمان کی جانب سے تحریری بیانات جمع کرائے گئے جن میں مولانا عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف حکومت کی اسلام مخالف پالیسیوں پر کڑی تنقید کرنے پر ان کے خلاف 27 بے بنیاد مقدمات قائم کئے گئے۔ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 3 جولائی 2007ء کو لال مسجد کے قریب رینجرز اہلکار کو قتل کئے جانے کے کیس کی سماعت کی۔ آج لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز سمیت 17 ملزمان کی جانب سے تحریری بیانات جمع کروائے گئے۔ مولانا عبدالعزیز کی جانب سے جمع کروائے گئے 4 صفحات پر مشتمل بیا ن میں کہا گیا کہ وہ 98ء سے لال مسجد کے خطیب ہیں، اسلام کی تبلیغ ان کے فرائض میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اسکالر کی حیثیت سے پرویز مشرف کی اسلام مخالف پالیسیوں پر تنقید کرتے تھے، جس پر ان کے خلاف 27 مقدمات درج کئے گئے جو بے بنیاد اور جھوٹے تھے، جن میں سے وہ 16 مقدمات میں بری ہوچکے ہیں اور اب تک کسی مقدمے میں سزا نہیں ہوئی۔ مقدمے کی مزید سماعت 4 اگست کوہوگی۔

مزید خبریں :