Time 31 جولائی ، 2018
پاکستان

عسکری پارک میں گرنے والا جھولا استعمال شدہ، ناقص مٹیریل سے تیار کردہ تھا

جھولا توازن کھو جانے اور غلط فٹنگ کے باعث گرا ہے اور جھولا آپریٹ کرنے والے عملے کی بھی کوئی تربیت نہیں تھی، تحقیقاتی رپورٹ — فوٹو: فائل 

کراچی: عسکری پارک میں جھولا گرنے کے معاملے کی تحقیقاتی کمیٹی نے رپورٹ چیف سیکرٹری سندھ کو پیش کردی جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جھولا توازن کھو جانے اور غلط فٹنگ کے باعث گرا،جھولا آپریٹ کرنے والے عملے کی کوئی تربیت نہیں تھی، جھولے میں استعمال کردہ مٹیریل ناقص پایا گیا جبکہ چین سے درآمد کردہ یہ جھولا استعمال شدہ تھا۔

عسکری پارک میں جھولا گرنے کے معاملے کی تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے چیف سیکریٹری سندھ کو رپورٹ پیش کی گئی ہے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جھولا توازن کھو جانے اور غلط فٹنگ کے باعث گرا اور جھولا آپریٹ کرنے والے عملے کی بھی کوئی تربیت نہیں تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جھولے میں استعمال کردہ مٹیریل ناقص پایا گیا، چین سے درآمد کردہ جھولا بھی استعمال شدہ تھا۔

رپورٹ کے مطابق جھولے کی ویلڈنگ ناقص تھی، جھولے لگانے اور آپریٹ کرنے کا کوئی ایس او پی نہیں تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2 جولائی کی انسپکشن میں جھولے کی فٹنگ پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نٹ بولڈ صحیح لگائے گئے نہ ہی ویلڈنگ مناسب تھی جس کے ذمہ دار ٹھیکیدار، آپریشنل اور آڈٹ ٹیم ہے۔

تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ پارک کھولنے سے قبل تمام جھولوں کی انسپکشن کرائی جائے اور جھولے لگانے اور چلانے سے متعلق ایس او پیز بنائی جائیں۔

یاد رہے کہ 15 جولائی کو عسکری پارک میں جھولا گرنے کے واقعے میں 14 سالہ لڑکی کشف جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔

مزید خبریں :