28 جولائی ، 2012
اسلام آباد … ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے جے یو آئی ف کے قائد مولانا فضل الرحمان کو گول میز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اتفاق رائے کے ساتھ الیکشن سے پہلے اور بعد کا قومی ایجنڈا مرتب کیا جائے۔ فضل الرحمان کہتے ہیں کہ آج تک کسی متفقہ فیصلے پر عمل نہیں کیا گیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں حیدر عباس رضوی اور نسرین جلیل نے اسلام آباد میں مولانا فضل ا لرحمان اور ان کے ساتھیوں سے ملاقات کی۔ بعد میں میڈیا بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ملک پر داخلی اور خارجی خطرات منڈلا رہے ہیں جن سے نمٹنے اور کم سے کم قومی ایجنڈے کی تیاری کیلئے گول میز کانفرنس کا انعقاد ضروری ہے، پارلیمنٹ اور اس سے باہر بیٹھی سیاسی جماعتیں مل بیٹھیں اور ملکی معیشت، توانائی، بلوچستان کی صورتحال، فرقہ واریت سمیت دیگر مسائل کا حل نکالیں۔ مولانا فضل ا لرحمان نے کہا کہ 2008ء سے لے کر ایبٹ آباد حملے اور وزیر اعظم کی کل جماعتی کانفرنسز سمیت کسی قرارداد یا سفارشات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، موجودہ تمام مسائل کی جڑ عالمی ایجنڈے پر عملدرآمدکرنا ہے، قومی یکجہتی کیلئے پاکستان کے مفادات اولین ترجیح ہونے چاہئیں۔ مولانا فضل ا لرحمان نے ایم کیو ایم کی گول میز کانفرنس کیلئے کاوش کو نئی مہم جوئی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پارلیمنٹ کی قرار دادوں پر عملدرآمد میں مدد ملے گی، جبکہ ڈاکٹر فاروق ستار نے 4 سال بعد ملکی مسائل کا احساس کرنے کے سوال پر دیر آید درست آید کہہ کر اپنے اقدام کا دفاع کیا۔