28 جولائی ، 2012
کراچی … کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ما ڑی پور میں واقع زمین پر لینڈ مافیا کے قبضے کی خبر جیو نیوز پر نشر ہونے کے بعد قبضہ گروپ کے خلاف آپریشن کیا گیا اور اربوں روپے ما لیت کی 50 ایکڑ سے زائد اراضی وا گزارکرالی گئی۔ ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید کی سربرا ہی میں غیرقانونی تعمیرات گرادی گئیں۔ کارروائی کے دوران بھاری مشینری استعمال کی گئی اور ماڑی پور اور ڈاکس پولیس کے 200 سے زائداہلکاروں نے حصہ لیا، واگزار کرائی گئی اراضی سیو ریج کے بڑے منصوبے ایس تھری کیلئے مختص ہے، جس کی حفاظت کیلئے عارضی پولیس چوکی بھی قائم کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق واگزار کرائی گئی زمین کی مالیت 5 ارب روپے ہے جس پر سندھ کی اہم شخصیت کے ایماء پر غیر قانونی قبضہ کرکے سابق اہم عہدیدار کا قریبی دوست 100 انڈسٹریل یونٹ بنارہا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زمین تو وا گزار کرالی گئی ہے تاہم قبضہ گروپ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور نہ ہی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔