پاکستان
28 جولائی ، 2012

پشاور، فیصل آباد، جہلم سمیت کئی شہروں میں لوڈ شیڈنگ کیخلاف مظاہرے

پشاور، فیصل آباد، جہلم سمیت کئی شہروں میں لوڈ شیڈنگ کیخلاف مظاہرے

پشاور / فیصل آباد / جہلم … رمضان المبارک میں بھی عوام کو بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے نجات نہیں ملی اور عوام اس ماہ مبارک میں بھی واپڈا کے ظلم کا شکار بنے ہوئے ہیں۔ بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف پشاور، جہلم اور فیصل آباد سمیت عوام کئی شہروں میں آج بھی سراپا احتجاج رہے اور واپڈا سے سحری وافطار کے اوقات میں بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کرتے رہے۔ پشاور میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے مشتعل ہو کر واپڈا کی گاڑی سمیت پرائیویٹ گاڑیوں کے بھی شیشے توڑ ڈالے۔ پشاور کے نواحی علاقے دورہ روڈ پر مقامی رہائشی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے نہ صرف واپڈا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی اور ٹائر جلا کر روڈ ٹریفک کیلئے بند کر دیا بلکہ مشتعل ہو کر گاڑیوں پر پتھراوٴ بھی کیا۔ جس سے واپڈا کی گاڑی اور بعض دیگر پرائیویٹ گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ مظاہرین تھوڑی دیر احتجاج کے بعد بجلی کی فراہمی بحال ہونے پرخود ہی منتشر ہو گئے۔ دوسری جانب جہلم شہر اور گرد و نواح میں طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف مشتعل مظاہرین نے کالا گرڈ اسٹیشن کا گھیراوٴ کیا، مظاہرین نے ایکسیئن آفس، ایس ڈی او آفس اور گاڑیوں کو آگ لگادی۔ جی ٹی روڈ جہلم کینٹ چوک پر مشتعل مظاہرین ساڑھے 7 بجے سے احتجاج کررہے ہیں۔ اس کے علاقہ فیصل آباد کے علاقے تاندلیاں والا میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مشتعل مظاہرین نے گرڈ اسٹیشن کی جانب پیش قدمی کی جس پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ پولیس نے مشتعل مظاہرین پر لاٹھی چارج کردیا جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔ مشتعل مظاہرین نے پولیس موبائل کو الٹ دیا جبکہ مظاہرین سے نمٹنے کیلئے پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی۔

مزید خبریں :