08 اگست ، 2018
پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت بننے کے واضح امکانات کے ساتھ ہی کئی دہائیوں سے بیرون ملک مقیم عمران خان کا مداح واپس پاکستان لوٹ آیا۔
گزشتہ 30 سال سے اسپین میں مقیم پاکستانی نژاد انور خان اپنا سب کچھ بیچ کر کئی ہزار کلومیٹر کا سفر بذریعہ سڑک طے کرکے پاکستان پہنچے ہیں، جنہیں امید ہے کہ عمران خان کی قیادت میں حقیقی تبدیلی آئے گی۔
64 سالہ انور خان 80 کی دہائی میں روزگار کی تلاش میں بیرون ملک گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پہلے سعودی عرب گئے اور پھر اسپین منتقل ہوگئے۔
لیکن جیسے ہی انہیں پی ٹی آئی کی حکومت کی نوید ملی، انہوں نے سب کچھ فروخت کرکے پاکستان کی راہ لی اور خصوصی گاڑی میں سڑک کے راستے وطن واپس پہنچ گئے۔
انور خان کے بقول، 'پاکستان میں تبدیلی آرہی ہے اور جو پاکستانی باہر ہوتے ہیں، وہ اس حوالے سے زیادہ محسوس کرتے ہیں'۔
انور خان کی خصوصی گاڑی میں بستر، کچن اور سٹنگ ایریا بھی موجود ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے یہ طریقہ اپنایا لیکن اس کا مقصد پاکستان میں امن لانا اور آنے والی خوشحالی کی نوید دینا ہے۔
انور خان کے مطابق 'میں نے 9 ہزار کلومیٹر سے زائد کا سفر کیا، میں نے اپنا گھر بیچ دیا، یہ عارضی نہیں بلکہ مستقل ہے'۔
آخر میں انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے بھی اپیل کی وہ عمران خان کو کام کرنے دیں، اگر عمران خان نے ڈلیور نہیں کیا تو ہم سب اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ہوں گے لیکن مخالفت برائے مخالفت کی سیاست نہ کریں۔