09 اگست ، 2018
لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں برکی روڈ پر پھلروان گاؤں میں 5 افراد کے قتل میں ملوث ملزمان کے نام بلیک لسٹ میں ڈال دیئے گئے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) انویسٹی گیشن خرم علی نے مقدمے میں نامزد ملزمان کے نام بلیک لسٹ میں ڈالنے کا مراسلہ جاری کیا۔
ملزمان کے بیرون ملک فرار ہونے کے خدشے کے پیش نظر ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو سفارش بھجوا دی گئی۔
یاد رہے کہ 7 اگست کو لاہور کے قریب پھلرواں گاؤں میں لاٹھی گروپ اور شاطر گروپ کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد قتل ہوگئے تھے۔
جاں بحق ہونے والوں میں 3 سگے بھائی قربان علی، عبدالرشید اور بشیر احمد بھی شامل تھے جبکہ دیگر دو افراد کی شناخت تنویر علی اور قادر علی کے نام سے کی گئی۔
پولیس نے 5 افراد کے قتل کا مقدمہ غلام علی کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں قتل اور دہشت گردی سمیت 109،148 اور 149 کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔
مقدمے میں ملزمان افتخار، جبار، ہیرا، ذوالفقار، جہانگیر، وقار، قدیر، لیاقت علی اور رحمت علی نامزد ہیں، جو واقعے کے بعد سے فرار ہیں۔