25 اگست ، 2018
مانچسٹر: گریٹر مانچسٹر کی ہائی شیرف پاکستانی نژاد ڈاکٹر روبینہ شاہ کو یونین ناروے کی جانب سے آج خصوصی اعزاز سے نوازا جائے گا۔
ڈاکٹر روبینہ شاہ کا تعلق راولپنڈی سے ہے جو برطانیہ میں اپنی کاؤنٹی کی پہلی پاکستانی نژاد ہائی شیرف ہیں۔
ڈاکٹر روبینہ شاہ پیشے کے لحاظ سے مانچسٹر یونیورسٹی کی سینئر لیکچرار ہیں، انہیں ان کی خدمات کی بدولت ملکہ برطانیہ نے ہائی شیرف کے عہدے پر فائز کیا ہے۔
پاکستان یونین ناروے کی جانب سے آج اوسلو میں ایک ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں ناروے کے وزیر ثقافت ٹرائن اسکائی گرینڈے بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
تقریب میں ڈاکٹر روبینہ شاہ کو متحدہ ریاست کے لیے بہترین رضاکارانہ خدمات انجام دینے پر خصوصی اعزاز سے نوازا جائے گا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے روبینہ شاہ نے بتایا کہ یہ ایوارڈ وصول کرنا اُن کے لیے اعزاز کی بات ہے اور تاریخی عوام کا کسٹوڈین ہونا، اپنا کردار ادا کرنا اور گریٹر مانچسٹر کے افراد کے لیے دیانتداری، انسانیت اور خلوص سے خدمات انجام دینا ایک بہت بڑا استحقاق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران انہیں بہت سی مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا لیکن برطانوی نوجوانوں میں کامیابی کی زبردست اہلیت پائی جاتی ہے۔
روبینہ شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اپنی ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا چاہیے اور کوشش کرنی چاہیئے کہ مستقبل میں اسے دہرایا نہ جائے۔
ایوارڈ تقریب میں محترمہ سیدہ کوثر اور منور شرقپوری کو بھی برطانیہ اور ناروے میں اردو میڈیا کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرنے پر ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔