02 ستمبر ، 2018
اسلام آباد: صدارتی الیکشن میں صرف ایک روز باقی ہے تاہم اپوزیشن جماعتوں کے درمیان متفقہ امیدوار لانے کے حوالے سے ابھی تک اختلاف برقرار ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اپنے نامزد کردہ صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کے لیے کلیدی کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی ماڈل ٹاون میں شہباز شریف سے ملاقات ہوئی جس میں صدارتی انتخاب سے متعلق حکمت عملی پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں حمزہ شہباز،ایازصادق اور دیگر لیگی رہنما بھی شریک تھے جبکہ جےیو آئی کے اکرم درانی اورمولاناامجد بھی میں ملاقات میں شریک تھے۔
دوسری جانب صدراتی انتخاب کی مہم کے لیے پیپلز پارٹی کا وفد لاہور پہنچ گیا جس میں خورشید شاہ، اعتزاز احسن، نیر بخاری، قمر زمان کائرہ اور دیگر شریک تھے۔
وفد نے پارٹی کے ارکان صوبائی اسمبلی اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
یاد رہے کہ 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی، پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور 5 اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار مولانا فضل الرحمان ہیں۔
اپوزیشن کی تقسیم سے تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کی جیت کے واضح امکانات ہیں۔