07 ستمبر ، 2018
حکومت کی تبدیلی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی تبدیلی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
احسان مانی کے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بننے کے بعد سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے مقرر کردہ چاروں مشیر سبکدوش ہوگئے ہیں۔
سابق فاسٹ بولر شعیب اختر، سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو اور پاکستان کرکٹ میں بااثر سمجھے جانے والے شکیل شیخ بھی فارغ ہو گئے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق صلاح الدین صلو کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا ہے،وہ کراچی میں گزشتہ پانچ سال سے تعینات تھے۔
اس کے علاوہ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے ایک اور مشیر ایزد سید کے معاہدے کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔
پی سی بی نے نجم سیٹھی کے مشیروں کی برطرفی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے مشیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ مجھے نجم سیٹھی نے اس عہدے پر مقرر کیا تھا لیکن اب وہ نہیں رہے تو میرا اخلاقی طور پر مشیر رہنا درست نہیں، اس لیے میں فوری طور پر مشیر پی سی بی کے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔