Time 09 ستمبر ، 2018
کھیل

محمد حفیظ نے تاحال سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کیے

نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں محمد حفیظ کی 'اے' کیٹگری سے 'بی' کیٹگری میں تنزلی کردی گئی تھی جس پر انہوں نے ناراضی کا اظہار کیا تھا — فوٹو:فائل

ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی 16 رکنی پاکستانی ٹیم نے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کردیئے ہیں لیکن محمد حفیظ نے اب تک معاہدے پر دستخط نہیں کیے۔

 لاہور میں قومی ٹیم کے کیمپ کے دوران 16 کھلاڑیوں نے سینٹرل کنٹریکٹ اور ٹور کوڈ آف کنڈکٹ پر دستخط کردیئے ہیں، چوں کہ پاکستانی ٹیم ایشیاء کپ کے بعد متحدہ عرب امارات ہی میں قیام کرے گی، اسی لیے کھلاڑیوں نے ضابطہ اخلاق پر بھی دستخط کردیئے ہیں۔

محمد حفیظ جنہوں نے سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، انہوں نے ابھی تک سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کئے ہیں جس کی وجہ ان کی قائد اعظم ٹرافی کی مصروفیات ہیں۔

پاکستانی ٹیم ایشیاء کپ میں شرکت کے لیے پیر کو منگل کو لاہور سے دبئی روانہ ہوگی۔ پیر کو پاکستانی ٹیم کا آخری سیشن ہوگا جس کے بعد کپتان سرفراز احمد پریس کانفرنس کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سال 33 کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب اتوار کو لاہور میں موصولہ دھار بارش ہوئی لہٰذا امکان ہے کہ پیر کو پریکٹس سیشن نہیں ہوسکے گا۔ 

پاکستانی کرکٹ ٹیم منگل کی صبح لاہور سے دبئی پہنچے گی اور اس کا پہلا پریکٹس سیشن جمعرات کی سہ پہر آئی سی سی اکیڈمی دبئی میں ہوگا جب کہ پیر کو بنگلہ دیش کی ٹیم کا پریکٹس سیشن شیڈول ہے۔

منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم مسلسل تین دن جمعے اور ہفتے کو بھی پریکٹس کرے گی اور پاکستان کا پہلا میچ ہانک کانگ کے خلاف اتوار کو کھیلا جائے گا۔

کپتان سرفراز احمد نجی مصروفیات کی باعث اتوار کو کراچی لوٹ گئے ہیں اور وہ پیر کو واپس لاہور جائیں گے جہاں سے قومی ٹیم ایک ساتھ لاہور سے دبئی روانہ ہوگی۔

واضح رہے کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں محمد حفیظ کی 'اے' کیٹگری سے 'بی' کیٹگری میں تنزلی کردی گئی  تھی جس پر قومی کرکٹر نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

محمد حفیظ کا مؤقف تھا کہ وہ پیسے کے لیے نہیں بلکہ ملک کے لیے اعزاز سمجھ کر خدمات انجام دیتے ہیں، تاہم حالیہ عرصے میں انھیں بلاوجہ نظر انداز کرنے کی پالیسی اپنانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

مزید خبریں :