15 ستمبر ، 2018
پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں واقع جوڈیشل کمپلیکس میں ایک شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں وکیل سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس میں فائرنگ کا واقعہ دشمنی کی بناء پر پیش آیا، جہاں ایک شخص نے اپنے مخالف پر فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں مذکورہ شخص کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تاہم وہاں سے گزرنے والے ایک وکیل اس کی زد میں آگئے جبکہ کینٹین کا ایک ملازم اور جوڈیشل کمپلیکس میں آنے والا ایک کلائنٹ بھی زخمی ہوا۔
پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب زخمی ہونے والے تینوں افراد کو طبی امداد کے لیے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والے وکیل کی شناخت ایڈووکیٹ یوسف ریاض کے نام سے ہوئی ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس میں پولیس موجود ہوتی تھی، تاہم فائرنگ کرنے والا شخص کمپلیکس کے گیٹ کے بجائے ایکسائز آفس کے گیٹ سے اندر آیا تھا۔