پاکستان
Time 18 ستمبر ، 2018

کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

پابندی کا آغاز آج رات 12 بجے سے ہوگا، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی 3 روز کیلئے عائد کی گئی ہے— فوٹو: فائل

کراچی: محرم الحرام میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سندھ حکومت نے کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی۔

کراچی میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا آغاز آج رات 12 بجے سے ہوگیا۔

موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی 3 روز کیلئے عائد کی گئی ہے، پولیس کی درخواست پر محکمہ داخلہ سندھ نے ڈبل سواری پر پابندی لگائی۔

خیال رہے کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں 8، 9 اور 10 محرم کو موبائل فون سروس بھی بند رکھی جائے گی۔

سیکرٹری داخلہ سندھ قاضی کبیر جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے شہر بھر میں موبائل سروس بند نہیں ہوگی، صرف جلوسوں کی گزرگاہوں اور اطراف میں سروس کو معطل کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ موبائل فون سروس صبح 7 تا رات 12 بجے تک بند رہے گی۔

مزید خبریں :