19 ستمبر ، 2018
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اچھا ہوا اہم میچ سے قبل 'ویک اپ کال' مل گئی۔
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے گروپ میچ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ 'ہمارے زیادہ تر کھلاڑی غیر ضروری اسٹروک کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوئے'۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ' اچھا ہوا اہم میچز سے پہلے ویک اپ کال مل گئی'۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ بیٹسمیںوں نے پارٹنر شپ نہیں بنائی، ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے تو اسکور بورڈ مخلتف ہوتا۔
مکی آرتھر نے کہا کہ شاداب خان کے 'بیک اسپیم' ہوا ہے، ویسٹ انڈیز میں بھی ہوا تھا، پریشانی کی بات نہیں۔
دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ پہلے میچ کی نسبت ٹیم اچھا کھیلی، خوشی ہے ٹیم نے اچھے انداز میں میچ ختم کیا۔
خیال رہے کہ بھارت نے ایشیا کپ کے راؤنڈ میچ میں پاکستان کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دی تاہم پاکستان اور بھارت دونوں پہلے ہی سپر فور مرحلے میں جگہ بناچکے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے علاوہ بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں بھی سپر فور مرحلے میں جگہ بناچکی ہیں۔ سپر فور مرحلے میں پاکستان اب بنگلہ دیش، افغانستان اور بھارت سے مزید ایک ایک میچز کھیلے گا۔ سپر فور مرحلے میں دو ٹاپ ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔