20 ستمبر ، 2018
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے کا آغاز جمعے سے ہو رہا ہے جس میں پاکستان کا پہلا اہم میچ افغانستان سے شیخ زید اسٹیڈیم میں ہو گا جب کہ بھارتی کرکٹ ٹیم دبئی میں بنگلا دیش کے خلاف میچ کھیلے گی۔
بھارت کے ہاتھوں آٹھ وکٹوں کی ذلت آمیز شکست کے بعد پاکستان ٹیم اپنی بیٹنگ لائن کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ والا دن ہمارے لئے خراب دن تھا اور ہماری کارکردگی بھی توقعات سے بہت کم تھی، مایوس کُن کارکردگی کا کوئی دفاع نہیں کر سکتا۔
پاکستان کے کپتان سرفرا ز احمد ٹورنامنٹ کے شیڈول پر پہلے ہی تنقید کر چکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سفر ایسا معاملہ ہے کہ میچوں کے دوران ڈیڑھ گھنٹے کا سفر آسان نہیں اور پھر اس شدید گرمی میں دبئی سے ابوظہبی جانا، ایک دن میچ اور پھر ایک دن آرام کے بعد دوبارہ میچ کھیلنا صحیح نہیں ہے۔
پاکستان ٹیم کو سپر فور کے دو میچز کھیلنے شدید گرم موسم میں دبئی سے ابوظہبی جانا پڑے گا جبکہ بھارتی ٹیم اپنے تمام میچز دبئی میں ہی کھیلے گی۔
ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں جمعے کو دو میچوں کے بعد اتوار کو بھی ڈبل ہیڈر ہو گا۔
اتوار کو پاکستان اور بھارت کا میچ دبئی میں ہو گا جب کہ افغانستان اور بنگلا دیش کی ٹیمیں ابوظہبی میں کھیلیں گی۔
منگل کو دبئی میں بھارت اور افغانستان کا میچ ہو گا جب کہ بدھ کو آخری لیگ میچ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان شیخ زید اسٹیڈیم میں ہو گا۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹورنامنٹ سے قبل دو ون ڈے انٹر نیشنل ہوئے ہیں، دونوں پاکستان نے جیتے ہیں لیکن افغانستان کی ٹیم نے اپنے اسپنرز راشد خان، مجیب اور محمد نبی کی وجہ سے حریف ٹیموں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
ایشیا کپ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 8 وکٹ سے شکست دی تھی اور پھر بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹ سے ہرایا۔
افغانستان نے اپنے اسپنرز کی بدولت سری لنکا کو آوٹ کلاس کر دیا جس کے بعد پانچ مرتبہ کی چیمپین ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔