25 ستمبر ، 2018
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے شارجہ میں ہونے والی ٹی ٹین لیگ کو قانونی قرار دے دیا۔
دبئی میں میڈیا سے گفتگو میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات آئی سی سی کا رکن ملک ہے اور کسی ممبر کو ایک سے زائد لیگ کرانے پر نہیں روک سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی 10 لیگ کو اچھی طرح جانچ پڑتال کے بعد ہی اجازت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹین لیگ اچھی ہے یا بری یہ فیصلہ امارات کرکٹ بورڈ کو کرنا ہے، اگر وہ اسے بہتر سمجھتے ہیں تو ہم اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گے۔
پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے ٹی ٹین لیگ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی سے تحریری یقین دہانی طلب کی ہے۔
ڈیو رچرڈسن کا کہنا ہے کہ انہوں نے احسان مانی کا بیان پڑھا ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹین لیگ کے حوالے کوئی باظابطہ اعتراض نہیں اٹھایا۔