27 ستمبر ، 2018
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سپر فور مرحلے کے چھٹے اور آخری میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے، ایسے میں سابق کپتان شاہد آفریدی اور سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی ٹیم کی کارکردگی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بنگلہ دیش کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ انہیں پاکستانی ٹیم کی پوری کارکردگی سے کافی مایوسی ہوئی ہے۔کرکٹ کے ہر شعبہ میں کمی دیکھنے کو ملی۔
آفریدی نے لکھا کہ گزشتہ ٹورنامنٹ میں نوجوانوں کی طرف سے بہت اچھی کرکٹ کھیلی گئی تھی جس کے بعد توقعات بڑھ گئی تھیں۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو زبردست واپسی کے لیے زیادہ توجہ اور محنت کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ’پاکستانی ٹیم کی گرتی ہوئی کارکردگی دیکھنا مایوس کن ہے‘۔
انہوں نے لکھا، ’میں امید کرتا ہوں کہ اگلی سیریز تک انتظامیہ سیلیکٹرز اور کھلاڑی ایک ساتھ چلیں، لیکن کوئی بات نہیں میں اب بھی پاکستان ٹیم کے ساتھ ہوں‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سرفراز الیون کو 37 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
قومی کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے پر اب شدید تنقید کا سامنا ہے۔