27 ستمبر ، 2018
کراچی: تقرری کے منتظر سابق انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) اللہ ڈنو خواجہ کو آئی جی موٹرویز تعینات کردیا گیا جبکہ معظم جاہ انصاری کمانڈنٹ ایف سی مقرر کردیے گئے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق امجد جاوید سلیمی کو کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی تعینات کردیا گیا ہے۔
ہائی کورٹ کے حکم پر نیب کو رضاکارانہ رقم واپس کرنے والے افسران کو اہم عہدوں پربحال بھی کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ نے ہٹائے گئے افسران کو ڈپٹی کمشنر لگانے کی منظوری دی ہے۔
وزیراعلی سندھ کے بہنوئی مہدی علی شاہ ڈپٹی کمشنر میرپور خاص تعینات کردیے گئے ہیں، انہیں سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر ڈپٹی کمشنر کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق مہدی شاہ نے نیب کو کرپشن سے حاصل رقم رضاکارانہ طور پر واپس کی تھی۔ اس کے علاوہ رشید زرداری کو ڈپٹی کمشنر ٹنڈو الہ یار تعینات کردیا گیا ہے، رشید زرداری بھی کرپشن سے حاصل رقم نیب کو واپس کرچکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ کو دونوں افسران کے تبادلوں میں شدید دباؤ کا سامنا ہے۔