کھیل
Time 05 اکتوبر ، 2018

ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد پر 4 ماہ کی پابندی عائد

احمد شہزاد پر پی سی بی اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر پابندی لگائی گئی، کرکٹ بورڈ — فوٹو: فائل 

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد پر 4 ماہ کی پابندی عائد کر دی۔

احمد شہزاد کا پاکستان کپ کے دوران ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا جو مثبت آیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے 11 جولائی کو انہیں چارج کرکے معطل کر دیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے احمد شہزاد پر  4 ماہ کی پابندی عائد کر دی جس کا اطلاق 10 جولائی سے ہو گا۔

پی سی بی کے مطابق احمد شہزاد پر پی سی بی اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر پابندی لگائی گئی ہے۔

احمد شہزاد کا پابندی پر ردعمل

احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی طرف سے لگائی گئی 4 ماہ کی پابندی کو قبول کرتا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ ممنوعہ ادوایات کا استعمال کیا جو نہیں کرنا چاہیے تھا، یہ میرے اور ساتھی کرکٹرز کے لیے سبق ہے، امید ہے میں جلد کرکٹ میں واپس آ جاؤں گا۔

یاد رہے کہ ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد کے ڈوپ سیمپل میں حشیش کی مقدار پائی گئی تھی اور حشیش کا نشہ عام طور پر تفریحی نشہ کہلاتا ہے جس کا شمار قوت بخش ادویات میں نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد احمد شہزاد کو ان کے ڈپارٹمنٹ حبیب بینک نے کپتانی سے بھی ہٹا دیا تھا اور ان کا نام قائد اعظم ٹرافی کے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی شامل نہیں کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :