کراچی میں موسم آج بھی گرم رہنے کا امکان، پارہ 40 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سمندری ہواؤں کا آج بھی بند رہنے کا امکان ہے—فائل فوٹو

کراچی کا موسم آج بھی گرم رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سمندری ہواؤں کا آج بھی بند رہنے کا امکان ہے۔

تاہم ڈائریکٹر محکمہ موسمیات شاہد عباس کا کہنا ہے کہ منگل سے سمندری ہوائیں معمول کے مطابق چلیں گی، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔

دوسری جانب بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ کیٹگری ون طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے اور بھارتی شہر کیرالہ کے قریب ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق کچھ دن بعد سمندری طوفان 'لوبان' شمال مغرب کی طرف جاسکتا ہے اور امکان ہے کہ لوبان اومان، یمن اور مسقط کے ساحلوں کو براہ راست متاثر کرسکتا ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان کے جنوبی ساحلی علاقوں میں بھی سمندری طوفان کے اثرات نظر آسکتے ہیں، جس سے پسنی، گوادر، اورماڑہ کے ساحلی علاقے اس سے متاثر ہوسکتے ہیں جبکہ کراچی میں طوفان کے اثرات بادلوں، تیز ہوا اور بارش کی صورت میں نظر آسکتے ہیں۔

مزید خبریں :