سمندری طوفان لوبان شدت اختیار کرگیا، کیٹیگری ون کے سائیکلون میں تبدیل

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان لوبان 2 روز میں عمان اور یمن کے ساحلوں سے ٹکرائے گا—.فائل فوٹو

کراچی: بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان لوبان شدت اختیار کرکے کیٹیگری ون کے سائیکلون میں تبدیل ہوگیا ہے، جو 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ طوفان عمان سے 800 کلومیٹر اور یمن سے 680 کلومیٹر دور ہے اور 2 روز میں عمان اور یمن کے ساحلوں سے ٹکرائے گا، جب کہ کراچی سے یہ 1500کلومیٹر دور ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان لوبان سے پاکستان کے ساحلی علاقوں کو خطرہ نہیں، تاہم اورماڑہ، پسنی، گوادر اور کراچی میں سمندری طوفان کے اثرات بادلوں کی صورت میں نظر آسکتے ہیں۔

دوسری جانب خلیج بنگال میں بھی ایک اور سائیکون بن رہا ہے، جہاں ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے۔ 

ہوا کا کم دباؤ مغرب اور شمال مغرب کی جانب 10کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے، جو بھارتی ساحل گوپال پور سے 510 کلومیٹر کی دوری پر ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہوا کا دباؤ سائیکلون میں تبدیل ہوسکتا ہے اور 11 اکتوبر تک بھارتی ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتا ہے۔

ماہرین موسمیات کہتے ہیں کہ سمندری طوفان دراصل سورج کی توانائی کو خط استواع (ایکویٹر) سے شمالی اور جنوبی پولز میں منتقل کرنے کا قدرت کا ایک طریقہ ہے۔

واضح رہے کہ زمین کا ایکویٹر 80 فیصد سمندر اور 20 فیصد زمین پر مشتمل ہے۔

یہ سمندری طوفان ہی ہیں جو سورج کی توانائی دونوں پولز تک پہنچاتے ہیں۔

مزید خبریں :