دنیا
Time 11 اکتوبر ، 2018

امریکا نے جدید ترین ایف 35 لڑاکا طیارے گراؤنڈ کر دیے

ایف 35 طیاروں کی تیاری اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اور دنیا کا مہنگا ترین پراجیکٹ ہے۔ فوٹو: فائل

امریکا نے گزشتہ ماہ جنوبی کیرولینا میں لڑاکا طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے پیش نظر تمام جدید ترین ایف 35 طیارے گراؤنڈ کر دیے۔

گزشتہ ماہ جنوبی کیرولینا میں امریکی فوج کا اسٹیلتھ ٹیکنالوجی سے آراستہ جدید ترین ایف 35 لڑاکا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا تھا جس کی مالیت 10 کروڑ ڈالر تھی۔

رواں برس کے آغاز میں ایک آفیشل رپورٹ میں سوال اٹھائے گئے تھے کہ کیا درجنوں خرابیوں کی نشاندہی کے بعد بھی ایف 35 طیاروں کو مشن پر بھیجنا چاہیے۔

ایف 35 لڑاکا طیاروں کی تیاری کا پروگرام اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اور دنیا کا سب سے مہنگا پروگرام ہے۔

اس پروگرام کے کئی دہائیوں تک جاری رہنے کی توقع ہے اور بین الاقوامی سطح پر اس کی فروخت 3 ہزار تک پہنچنے کی امید ہے۔

ایف 35 جوائنٹ پروگرام آفس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور اس کے عالمی شراکت داروں نے لڑاکا طیاروں کا فلائٹ آپریشن معطل کر دیا ہے اور تمام طیاروں کے ٹیوب ٹینکس کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔

اگر لڑاکا طیاروں میں مشتبہ فیول ٹیوبس لگے پائے گئے تو انہیں تبدیل کر دیا جائے گا اور اگر فیول ٹیوبس میں کوئی مسئلہ نہ ہوا تو پھر تمام طیاروں کو واپس آپریشنل کر دیا جائے گا۔

ایف 35 لڑاکا طیاروں کے فیول ٹیوبس کی جانچ پڑتال کا عمل آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے درمیان مکمل ہونے کی توقع ہے۔

مزید خبریں :