کھیل
Time 12 اکتوبر ، 2018

لٹل ماسٹر حنیف محمد کے پوتے نے ڈبل سنچری کرکے منفرد ریکارڈ بنا دیا

لٹل ماسٹر حنیف محمد (بائیں)، ان کے پوتے شہزر محمد (درمیان) اور ان کے صاحبزادے شعیب محمد (دائیں) 

لٹل ماسٹر حنیف محمد کے پوتے اور شعیب محمد کے صاحبزادے شہزر محمد نے قائد اعظم ٹرافی میں ڈبل سنچری اسکور کرکے فرسٹ کلاس کرکٹ میں تین نسلوں کی جانب سے ڈبل سنچری کرنے کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شہزر محمد نے ملتان کیخلاف کراچی وائٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے 265 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے ساتھ محمد فیملی کی تین نسلیں فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈبل سنچری کرنے والی بن گئیں۔

شہزر کے والد شعیب محمد اور ان کے دادا حنیف محمد بھی فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈبل سنچریاں بناچکے ہیں ۔ شیعب محمد کا بہترین فرسٹ کلاس اسکور 208 جبکہ حنیف محمد کا بہترین فرسٹ کلاس اسکور 499 رنز ہے۔

شہزر کے چچا عمران محمد اور عمران کے والد صادق محمد کے علاوہ حنیف محمد کے ایک اور بھائی مشتاق محمد نے بھی فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈبل سنچری بنائی ۔ یوں محمد فیملی کے چھ اراکین فرسٹ کلاس میں ڈبل سنچری بناچکے ہیں۔

شہزر کے والد شعیب محمد نے اس کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر آج حنیف محمد حیات ہوتے تو وہ بھی بہت خوش ہوتے، جیو نیوز سے گفتگو میں شعیب محمد نے کہا کہ انہیں اپنے بیٹے کی کارکردگی پر فخر ہے۔

شہزر محمد نے بھی اپنی کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا اور پرفارمنس کے سلسلے کو جاری رکھنے کی امید ظاہر کی۔

محمد فیملی کے گیارہ ممبران فرسٹ کلاس کھیل چکے ہیں جن میں سے دس نے فرسٹ کلاس میں سنچریاں اسکور کیں اور اب شہزر کی ڈبل سنچری کے بعد کرکٹ کی معرف محمد فیملی نے بیٹنگ کی دنیا میں اپنا نام اور بھی مستحکم کرلیا ہے ۔

مزید خبریں :