گیند لگنے سے زخمی ہونے والے سرفراز کا سی ٹی اسکین، ڈاکٹرز کا آرام کا مشورہ

ڈاکٹرز کے مطابق سرفراز کی صحت تسلی بخش ہے تاہم انہیں پورے دن آرام کا مشورہ دیا گیا ہے—۔فائل فوٹو

ابوظہبی ٹیسٹ کے دوران گیند لگنے سے زخمی ہونے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو چکر آنے کی شکایت کے بعد سی ٹی اسکین کے لیے اسپتال لے جایا گیا، جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں پورے دن آرام کا مشورہ دیا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کے دوسرے دن بیٹنگ کے دوران سرفراز احمد کی کلائی پر مچل اسٹارک کی گیند لگی تھی جبکہ تیسرے روز انہیں دوبارہ سر پر گیند لگی۔

پاکستانی کپتان نے رات کو سر چکرانے کی شکایت کی، جس کے بعد انہیں احتیاطاً اسپتال لے جایا گیا تاکہ سی ٹی اسکین سے صورتحال واضح ہوسکے۔

ڈاکٹرز کے مطابق سرفراز کی صحت تسلی بخش ہے تاہم انہیں پورے دن آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

سرفراز کے باہر ہونے پر صبح سویرے پاکستان اے ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو دبئی سے ابوظہبی طلب کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کی صبح 6 بجے محمد رضوان کو دبئی میں نیند سے جگا کر ابوظہبی جانے کی ہدایت کی گئی۔

محمد رضوان نے ٹیم جوائن کرلی ہے اور وہ ٹیسٹ کے چوتھے دن وکٹ کیپنگ کریں گے جبکہ اسد شفیق، سرفراز احمد کی جگہ کپتانی کر رہے ہیں۔

اس طرح دبئی میں موجود پاکستان اے ٹیم وکٹ کیپر سے محروم ہوگئی ہے جبکہ محمد حسن پہلے ہی پاکستان جاچکے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کی طرح آسٹریلوی ٹیم کو بھی دھچکا لگا ہے اور ان کے اوپنر عثمان خواجہ گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہونے کی وجہ سے دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

عثمان خواجہ کو فوری وطن جاکر آپریشن کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل چار سال پہلے بھی ان کے گھٹنے کا آپریشن ہوچکا ہے۔

مزید خبریں :