27 اکتوبر ، 2018
پشاور: اکثر طلبہ کو صبح اسکول جانا کچھ زیادہ پسند نہیں ہوتا، لیکن اگر تعلیمی ادارے کے گیٹ پر ایک ہنستا مسکراتا چہرہ ان کا خوشگوار انداز میں استقبال کرے تو وہ ضرور خوشی خوشی اسکول جانے پر رضامند ہوں گے۔
پشاور کینٹ کے ایک سرکاری اسکول میں بھی ایک استاد موجود ہیں جو انتہائی دل موہ لینے والے انداز میں صبح طلبہ کا استقبال کرتے ہیں اور بچے ان کے اسٹائل کے دلدادہ ہیں۔
محمد اویس خان چہرے پر مسکراہٹ لیے، اسکول کے مرکزی دروازے پر طالب علموں کو پیار بھرے انداز میں خوش آمدید کہنے کے لیے موجود ہوتے ہیں۔
گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر ون کینٹ کے استاد اویس خان کے مشفقانہ برتاؤ کے باعث طالب علم بھی ہنسی خوشی اسکول آتے ہیں۔
طلبہ کے مطابق انہیں بہت اچھا لگتا ہے کہ صبح سویرے ان کے ٹیچر ان کا استقبال کرتے ہیں۔
محمد اویس کا کہنا ہے کہ محبت اور شفقت پر مبنی رویہ بچوں پر خوش گوار اثرات مرتب کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اکثر بچوں کی نیند پوری نہیں ہوتی، جس کی وجہ سے وہ لیٹ پہنچتے ہیں لیکن جب گیٹ پر ان کا ٹیچر خود استقبال کے لیے کھڑا ہوتا ہے تو پھر وہ اس بات کا خیال رکھتے ہیں کہ وہ دیر سے اسکول نہ آئیں۔
اسکول میں اسمبلی سے قبل اساتذہ طلبہ کے ساتھ کھیل کود میں حصہ بھی لیتے ہیں تاکہ طالب علم دن بھر ذہنی طور پر تروتازہ رہیں۔