پاکستان
Time 02 نومبر ، 2018

کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آج بھی تعلیمی ادارے بند

اندرون سندھ تدریسی عمل بحال رہے گا اور پنجاب کی تمام یونیورسٹیاں اور کالجز آج بند رہیں گے۔ فوٹو: فائل

آسیہ بی بی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاج اور ہڑتال کی کال کے پیش نظر کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تعلیمی ادارے بند رہے۔

کراچی میں تمام نجی اسکولز بند رہے جس کا اعلان چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔

سندھ حکومت نے بھی کراچی میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ کا کہنا تھا کہ صرف کراچی میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے اور اندرون سندھ تدریسی عمل معمول کے مطابق بحال رہے گا۔

اس کے علاوہ کراچی کی شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء بھی آج بند رہی جب کہ این ای ڈی یونیورسٹی میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے لیے تحریری ٹیسٹ بھی ملتوی کردیے گئے اور آئی بی اے کے تحت جاب پورٹل کی آج ہونے والی تقریب ملتوی کردی گئی۔

اقراء یونیورسٹی میں بھی آج ہونے والے امتحانات ملتوی کردیےگئے تھے البتہ یونیورسٹی معمول کے مطابق کھلی رہی۔

کراچی کی وفاقی جامعہ اردو نے بھی ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے تھے، ناظم امتحانات کے مطابق ہفتے کو تمام پرچے معمول کے مطابق ہوں گے۔

قائداعظم یونیورسٹی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سمیت پنجاب کی تمام یونیورسٹیاں اور کالجز بند

قائداعظم یونورسٹی اسلام آباد نے بھی آج چھٹی کا اعلان کیا تھا جبکہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں تدریسی عمل معطل رہا۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے فاٹا، بلوچستان انڈر گریجویٹ اسکالرشپ امتحان ملتوی کردیا جو تین نومبر کو ہونا تھا، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ترجمان حکومت پنجاب کے مطابق پنجاب کے تمام ثانوی تعلیمی بورڈز کے انٹر کے 2 اور 3 نومبر کے سپلیمنٹری پیپرز ملتوی کردیے گئے، ملتوی کیےگئے پیپرز کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

محکمہ ہائر ایجوکیش کے مطابق پنجاب کی تمام یونیورسٹیاں اور کالجز آج بند رہیں گے۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز آج معمول کےمطابق کھلی رہی۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن نے پنجاب بھر کے اسکولوں میں آج چھٹی کا اعلان کیا تھا۔

خیبرپختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں تدریسی عمل بحال

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری اسکول معمول کے مطابق کھلے رہے جبکہ نجی اسکولز بند رہے۔

سوات یونیورسٹی میں آج ہونے والے پرچے ملتوی ہوگئے، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

کوئٹہ شہر میں تمام سرکاری و نجی اسکول اور کالجز بند رہے، احتجاج کے پیش نظر شہر کی سیکیورٹی سخت تھی۔

ساتھ ہی آزاد کشمیر بھر میں سرکاری اسکولز میں جمعہ کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :