دنیا
02 اگست ، 2012

بینک پر امریکی پابندیاں تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے،چینی ترجمان

 بینک پر امریکی پابندیاں تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے،چینی ترجمان

بیجنگ …۔ چین نے ایران کے ساتھ کاروبار کرنے پر چینی بینک پر پابندیاں عائد کرنے کے امریکی اقدام کو چین امریکہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کا اقدام قرار دیتے ہوئے اس پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں امریکا سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ چین کے مفادات کو نقصان پہنچانے کا سلسلہ فوری بند کرے اور چین کے بینک آف کنلون پر عائد پابندیاں فوری ختم کرے۔ چین اس امریکی اقدام پر باقاعدہ سرکاری طور پر احتجاج کرے گا۔ امریکی صدر بارک اوباما نے چین کے کنلون بینک اور عراق کے ایلاف اسلامی بینک پر ایران کے ساتھ کروڑوں ڈالر کا لین دین کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے امریکی اقدام کا دفاع کیا ہے ۔ چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ چین کے ایران کے ساتھ تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعلقات ہی جن کا ایران کے جوہری منصوبوں سے کوئی تعلق نہیں ۔ واضح رہے کہ چین سے روس کے ساتھ مل کر امریکا اور اس کے اتحادیوں کی طرف سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شام کی حکومت کے خلاف پیش کی جانے والی قرار داد کو گزشتہ ماہ ویٹو کردیا تھا۔

مزید خبریں :