02 اگست ، 2012
نئی دہلی… بھارتی حکام ملک کی نصف آبادی کو بجلی کی فراہمی معطل ہونے کی وجوہات کا تاحال تعین نہیں کرسکے ۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بظاہر اس بحران کی وجہ بجلی کی طلب کا پیداوار سے بڑھ جانا تھا لیکن اگر حقیقت یہی ہے تو ملک کے وسیع علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو جانے کے خدشات بدستور موجود ہیں۔ برطانوی خبررساں ادارے نے بتایا ہے کہ بھارت میں بجلی بحران کی وجوہات جاننے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں بلکہ یہ بھی ممکن ہے کہ یہ وجوہات کبھی بھی منظر عام پر نہ آسکیں ۔ بھارت کے نئے وزیر توانائی ویراپ موئلی نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ بجلی کی طلب اور فراہمی کے حوالے سے صورتحال بہت مشکل اور چیلجنگ ہے اور اس کو حل کرنے کے طریقے تلاش کرنا ہوں گے۔