پاکستان
Time 13 نومبر ، 2018

نارووال میں بینک اکاؤنٹ ہیکرز کے ہاتھوں ریٹائرڈ ٹریفک اہلکار لٹ گیا


نارووال: فون کال پر معلومات حاصل کرکے شہریوں کے بینک اکاؤنٹس سے پیسے نکالنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔

نارووال میں ہیکرز نے ریٹائرڈ ٹریفک پولیس اہلکار اسلم مختار کے اکاؤنٹ سے 3 لاکھ روپے نکال لیے جو اس کی زندگی کی تمام جمع پونچی تھی۔

متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ بینک ہیلپ لائن سےکال پر اکاؤنٹ کی معلومات دی تھیں جس کے بعد تمام پیسے نکال لیے گئے، بینک میں رکھی گئی رقم ریٹائرمنٹ کے بعد ملی تھی جو بیٹیوں کی شادی کے لیے رکھی تھی۔

اسلم مختار کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کو کارروائی کے لیے درخواست دے دی ہے جب کہ بینک منیجر کے مطابق متاثرہ شہری سے فراڈ سے متعلق ہیڈ آفس کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آن لائن بینکنگ فراڈ کے واقعات میں گزشتہ تین مہینوں میں تیزی آئی ہے اور کراچی سے خیبر تک متعدد کیسز سامنے آچکے ہیں۔

نامعلوم نوسربازوں نے کہوٹہ ریسرچ لیبارٹریز کے ریٹائرڈ چیف سائنٹسٹ کو بھی نہ بخشا اور ڈاکٹر یوسف خلجی کے پنشن اور گریجویٹی کے 30 لاکھ روپے اڑا لیے۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ ٹیلی فون پر شناختی کارڈ نمبر، بینک اکاؤنٹ نمبر، کریٹ یا ڈیبٹ کارڈ نمبر دینے سے گریز کریں۔

بینک صارفین اپنا ڈیٹا کیسے محفوظ رکھ سکتے ہیں؟

  • اسٹیٹ بینک کی ہدایات کے مطابق ہر ماہ یا دو مہینے بعد اپنا خفیہ کوڈ تبدیل کرلینا چاہیے۔
  • اپنے کارڈز کے بیرون ملک آن لائن استعمال پر پابندی عائد رکھیں۔
  • جب بھی بیرون ملک کوئی ٹرانزیکشن کرنا ہو، عارضی طور پر پابندی ہٹالی جائے اور ٹرانزیکشن مکمل ہونے کے بعد دوبارہ عائد کردی جائے۔
  • اگر آپ کو ایسا لگتا ہے کہ آپ کےکارڈ کا کسی بھی قسم کا مشکوک استعمال کیا گیا ہے، جیسے کہ اس پر کوئی خریداری کی گئی ہے تو فوراً اپنے بینک کو مطلع کریں تاکہ وہ اسے بلاک کرسکیں۔ 

مزید خبریں :