02 اگست ، 2012
لاہور…سیکرٹری جنر ل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے بھارت کی طرف سے پاکستانی سرمایہ کاروں اور تاجروں کو سرمایہ کاری کی اجازت دینے پر اپنے ردعمل میں کہاہے کہ یہ بھارت کی گہری سازش اور شاطرانہ چال ہے۔ منصورہ سے جاری ایک بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ اس سے قبل بھارت نے پاکستان کو تجارت کے لیے فیورٹ ملک قرار دیا جس کے جواب میں پاکستان نے بھی بھارت کو تجارت کے لیے موسٹ فیورٹ نیشن کا درجہ دیا جس سے پاک بھارت تجارت کے عمل سے پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان اور بھارت کو اربوں ڈالر کا فائدہ ہوا۔ انہو ں نے کہاکہ بھارت نے غاصبانہ قبضہ کر رکھاہے، پاکستان کے حصے میں آنے والے دریاوٴں پر بھارت نے ناجائز ڈیم ، بیراج تعمیر کر لیے ہیں اور پاکستان کو بنجر بناکر اس کی زراعت کو تباہ و برباد کرنے کے گھناوٴنے منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ پاکستان میں دہشتگردی ، تخریب کاری کے نیٹ ورک کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ بلوچستان کو شورش زدہ بنانے میں بھارت اور اس کی خفیہ ایجنسی ”را“ براہ راست ملوث ہے۔