پاکستان کا ہر کھلاڑی وکٹ پر سیٹ ہوکر اپنی غلطی سے آؤٹ ہوا ہے، بابر اعظم

میچ میں سنچری بنانے کیلئے پر عزم تھا لیکن ساتھی آؤٹ ہوتے رہے پھر میں بھی آؤٹ ہوگیا، بابر اعظم— فوٹو: پی سی بی 

ابوظہبی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹیم کا ہر کھلاڑی وکٹ پر سیٹ ہوکر اپنی غلطی سے آؤٹ ہوا ہے۔

بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کیخلاف ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 62 رنز بنائے ہیں۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹیم کا ہر کھلاڑی وکٹ پر سیٹ ہوکر اپنی غلطی سے آؤٹ ہوا ہے کیوں کسی نے اننگز کو لمبا کرنے کی کوشش نہیں کی اور کھلاڑی پچ کی وجہ سے نہیں اپنی غلطی سے آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم نے کہا کہ میچ میں سنچری بنانے کیلئے پر عزم تھا لیکن ساتھی آؤٹ ہوتے رہے پھر میں بھی آؤٹ ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک روزہ میچز میں ضرور اوپر کے نمبروں پر بیٹنگ کرتا ہوں لیکن کپتان اور کوچ مجھے جو رول اور پوزیشن دیتے ہیں، اسی پر کھیل کر کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔

ٹیسٹ میں پاکستان کی پوزیشن کے بارے میں بابر اعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کو دوسری اننگز میں جلد سے جلد آؤٹ کرنا چاہتے ہیں کیوں کہ ابھی تک پچ کا رویہ سلو ہےجو کہ مزید سلو ہوجائے گی۔

نیوزی لینڈ کے لیفٹ آرم اسپنر اعجاز پٹیل نے پاکستان کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ میں دو وکٹ حاصل کرنے کے بعد کہا ہے کہ اس وقت ابوظہبی ٹیسٹ میں دونوں ٹیموں کیلئے برابر مواقع ہیں لیکن ہمیں تیسرے دن بیٹنگ میں مزید اچھی کارکردگی دکھانا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ میں دو وکٹیں لینے کے لمحات خصوصی طور پر یادگار تھے، سرفراز احمد اسپین کو اچھا کھیلتے ہیں اور ان کی پہلی وکٹ یادگار رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسپنر کی حیثیت سے مجھے چیلنج کرنا اچھا لگتا ہے، ہمیں اس ٹیسٹ آخری اننگز میں بولنگ کرنا ہے جس کیلئے تیار ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہاں کی پچ میں ٹرن زیادہ ہے جب کہ نیوزی لینڈ میں گیند کو باؤنس ملتا ہے، سلو وکٹ پر درست پیس پر بولنگ کرنا ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی ٹیم 227 رنز بناکر آؤٹ ہوئی اور قومی ٹیم کو کیویز پر 74 رنز کی برتری حاصل تھی۔

دوسرے روز کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 56 رنز بنالیے جب کہ پاکستان کو 18 رنز کی سبقت حاصل ہے۔

مزید خبریں :