بہترین بولنگ کا سہرا کوچ اظہر محمود کو جاتا ہے: حسن علی

حسن علی نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں 45 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فوٹو: پی سی بی

قومی ٹیم کے میڈیم پیسر حسن علی نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں بہترین بولنگ کا کریڈٹ بولنگ کوچ اظہر محمود کو دیدیا۔

فاسٹ بولر حسن علی نے ابوظہبی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 45 رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے اور پاکستان کو ٹیسٹ میچ میں جیت کے قریب پہنچا دیا ہے۔

حسن علی نے اپنی بولنگ کا کریڈٹ بولنگ کوچ اظہر محمود کو دیتے ہوئے کارکردگی کو انہی کے نام سے منسوب کیا ہے۔

حسن علی اور یاسر شاہ نے پاکستان کی جانب سے ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں پانچ پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ 14 سال بعد انجام دیا۔

2004 میں میلبورن میں شعیب اختر اور دانش کنیریا نے ایک ہی اننگز میں پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں تھیں۔

حسن علی نے کیرئیر میں پہلی بار پانچ وکٹ حاصل کئے جب کہ یاسر شاہ نے یہ کارنامہ 14ویں بار انجام دیا۔

پاکستان کی طرف سے حسن علی نے 45 رنز دے کر پانچ جب کہ یاسر شاہ نے 110 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

24 سالہ حسن علی اپنے کیرئیر کا پانچواں ٹیسٹ کھیل رہے ہیں اور انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر سات وکٹ حاصل کئے۔

حسن علی کا کہنا ہے کہ 2016 میں اظہر محمود پہلی بار بولنگ کوچ بنے اور میں بھی انگلینڈ کے دورے میں پہلی بار پاکستانی ٹیم میں آیا تھا، میرے کیرئیر میں ان کا بڑا ہاتھ ہے، میں اپنی یادگار کارکردگی کو اپنے بولنگ کوچ اظہر محمود کے نام سے منسوب کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں جب پاکستانی ٹیم میں آیا تو آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شاداب خان اور فہیم اشرف صبح پانچ بجے اٹھ کر آتے تھے، میں نے فہیم اور شاداب نے اظہر محمود کے ساتھ بہت محنت کی ہے، اس لیے میری کارکردگی کا سہرا اظہر محمود کو جاتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بولنگ کوچ اظہر محمود نے مجھے جو پلان دیا تھا اسی کے مطابق بولنگ کی اور محنت کا صلہ ملا، لائن پر بولنگ کی کوئی خاص چیز نہیں کی۔

حسن علی نے کہا کہ جب بھی آپ کسی فارمیٹ میں پانچ وکٹیں لیتے ہیں تو آپ کو اطمینان ملتا ہے۔

اس سے قبل میں لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف چار وکٹیں حاصل کر چکا تھا، اب پہلی بار ٹیسٹ میچ میں پانچ وکٹیں لینے پر خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں جب نہیں بھی کھیل رہا تھا تو اس وقت بھی محنت کر رہا تھا، میری مسلسل محنت کا مجھے صلہ ملا۔

حسن علی نے کہا کہ اس پچ پر جو وقت لے گا اسے رنز ملیں گے، ہمیں یقین تھا کہ جسیے ہی پانچویں وکٹ کی شراکت ختم ہو گی ہم نیوزی لینڈ کو جلد آوٹ کر لیں گے، اور پھر ایسا ہی ہوا، شراکت ختم ہوتے ہی دو اوورز میں تین وکٹیں لے لیں اور میچ میں واپس آگئے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اوپنرز کے پلان کا علم نہیں ہے لیکن یہی پلان لگتا ہے کہ وقت لیں اور جلد بازی نہ کریں۔

مزید خبریں :