19 نومبر ، 2018
اسلام آباد: مشترکہ مفادات کونسل نے 2017 کی مردم وخانہ شماری کے نتائج کی اصولی منظوری دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرائے اعلیٰ مراد علی شاہ (سندھ)، عثمان بزدار (پنجاب)، جام کمال(بلوچستان) اور محمود خان (خیبرپختونخوا) شریک ہوئے جب کہ وفاقی و صوبائی وزراء سمیت سینئر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں محکمہ شماریات نے2017 کی مردم وخانہ شماری کے نتائج پر سمری پیش کی جب کہ اس دوران سندھ، فاٹا اور مختلف علاقوں کے 5 فی صدبلاکس کی دوبارہ مردم شماری بھی زیر غور آئی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ مشترکہ مفادات کونسل نے 2017 کی مردم وخانہ شماری کے نتائج کی توثیق کرتے ہوئے اس کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
دوسری جانب مشترکہ مفادات کونسل کے اعلامیے کے مطابق کونسل نے 1230 میگاواٹ کےحویلی بہادرشاہ منصوبے اور 1223 میگاوواٹ کے بلوکی ایل این جی کےمنصوبے کی بھی منظوری دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی وصوبائی ٹاسک فورسز معاشرے کے تمام طبقات سے مشاورت کریں گی، قومی وصوبائی ٹاسک فورسز مستقبل کی حکمت عملی پر جامع ایکشن پلان بنائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بڑھتی آبادی پر کنٹرول کرنے کی سفارش جلد پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔