20 نومبر ، 2018
اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کیلئے فرنچائز لاہور قلندرز نے محمد حفیظ کو کپتان مقرر کردیا۔
جیو نیوز سے گفت گو میں قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رانا عاطف کا کہنا ہے کہ ٹیم نوجوان کرکٹرز اور تجربہ کار سینئرز کا بہترین کامبی نیشن ہے اور اس ٹیم کو پاکستان سپر لیگ کی سب سے ولولہ خیز ٹیم کہنا غلط نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے پاس ہر کھلاڑی ایک سے بڑھ کر ایک ہے، فخر زمان سے لے کر حارث رؤف تک اور ساتھ ساتھ درمیان میں ڈی ویلیئرز اور محمد حفیظ جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی ٹیم کے بہترین کامبی نیشن کی ضمانت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کو گزشتہ تین سال سے جو مسئلہ درپیش رہا وہ مڈل آرڈرز کے عدم تسلسل کا تھا لیکن اب لاہور قلندرز نے اس مسئلہ سے چھٹکارا حاصل کرلیا ہے، آغاز میں سہیل اختر اور فخرزمان کے بعد اننگز کو مڈل میں بیلنس کرنے کیلئے ٹیم کے پاس ڈی ویلیئرز اور محمد حفیظ بھی موجود ہوں گے جس کے بعد اب امید ہے کہ لاہور قلندرز کے فینز کو مایوسی نہیں ہوگی اور ٹیم پہلے سے بہتر نتائج دے گی۔
رانا عاطف نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ لاہور قلندرز کے چوتھے ایڈیشن میں محمد حفیظ ہی ٹیم کے کپتان ہوں گے کیوں کہ حفیظ ٹیم کو اٹھانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
لاہور قلندرز کے سی ای او نے ایک سوال پر کہا کہ وہ پوری کوشش کریں گے کہ اے بی ڈی ویلیئرز کو پاکستان آکر کھیلنے پر قائل کریں، ان کا کہنا تھا کہ ابھی جنوبی افریقی اسٹار ٹیم میں منتخب ہوئے ہیں، وہ بہت جلد ان سے اس حوالے سے بات کریں گے
حارث روف کی شمولیت کے بارے میں رانا عاطف نے کہا کہ ان کا پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام کے ہر کھلاڑی سے وعدہ تھا کہ جو پرفارم کرے گا وہ پی ایس ایل کھیلے گا، حارث ایک سال سے قلندرز کے ساتھ ہے اور اس اس نے خود کو ثابت کیا ہے جس کے بعد پاکستان سپر لیگ میں اس کو سلیکٹ کیا گیا۔
رانا عاطف کے مطابق، حارث روف پاکستان کا فیوچر ہے اور پاکستان سپر لیگ ان کیلئے اس بات کو ثابت کرنے کا بہت اچھا موقع ہے ۔