لاہور قلندرز کے نوجوان بولر حارث رؤف پی ایس ایل میں نام منوانے کیلئے تیار

قلندرز کے ساتھ گزشتہ ایک سال کے دوران انہوں نے بہت کچھ سیکھا، حارث رؤف — فوٹو: جیو نیوز 

لاہور قلندرز کے نوجوان کھلاڑی حارث رؤف پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں اپنا نام منوانے کیلئے تیار ہیں۔

آج سے 14 ماہ قبل راولپنڈی کا ایک نوجوان شدید گرمی میں اپنے خوابوں کی تعبیر کی آس لئے گوجرانوالہ آیا اور لاہور قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے ٹرائلز میں اپنے جوہر دکھائے۔

نوجوان نے اپنی برق رفتار بولنگ سے فوری طور پر عاقب جاوید سمیت لاہور قلندرز کی پوری انتظامیہ کی توجہ حاصل کرلی، پہلے وہ گوجرانوالہ سے پلیئر ڈویلپمنٹ ٹورنامنٹ کھیلا اور پھر لاہور قلندرز کے پلیئر ڈولپمنٹ اسکواڈ کا حصہ بن گئے۔

آج وہ نوجوان جس کا نام حارث رؤف ہے، پاکستان سپر لیگ میں اپنا نام منوانے کو تیار ہے۔

لاہور قلندرز نے حارث کو پاکستان سپر لیگ کےچوتھے ایڈیشن کیلئے بطور سپلیمنٹری پلیئر منتخب کرلیا ہے جس کے بعد وہ 20 رکنی قلندرز ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں۔

وہ اس سال ابوظہبی کپ میں سب کی توجہ کا مرکز بن گئے جب انہوں نے فائنل میں جنوبی افریقی ٹیم ٹائٹنز کو محدود کردیا اور اپنی ٹیم لاہور قلندرز کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ستمبر 2017 میں پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے ٹرائلز کے دوران قطار میں کھڑے حارث رؤف کیلئے آج سب کچھ خوابوں کو حقیقت مل جانے کے برابر ہے۔

حارث کہتے ہیں کہ قلندرز کے ساتھ گزشتہ ایک سال کے دوران انہوں نے بہت کچھ سیکھا، خاص طور پر آسٹریلیا کے دورے میں کہ جس نے انہیں وہاں کنٹریکٹ حاصل کرنے میں بھی مدد کی۔

حارث رؤف نے جیو سے گفتگو کے دوران اپنے احساسات کا اظہار کچھ ان الفاظ میں کیا : "لاہور قلندرز نے میری زندگی بدل دی، میں ایک سال پہلے کچھ نہیں تھا لیکن آج میں کافی اچھی زندگی گزار رہا ہوں اور اچھی کرکٹ کھیل رہا ہوں۔"

حارث روف مزید کہتے ہیں کہ لاہور قلندرز نے جو بھروسہ کیا ہے، اس پر پورا اترتے ہوئے ٹیم کو سرخرو کرانے کی پوری کوشش کروں گا۔

مزید خبریں :