21 نومبر ، 2018
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کی شمولیت سے پشاور زلمی کی ٹیم میں تجربے کے ساتھ ساتھ کرکٹ کی دانشمندی کا بھی اضافہ ہوا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں جاوید آفریدی نے کہا کہ مصباح الحق اب بھی کرکٹ کھیلتے ہیں اور مسلسل فرسٹ کلاس کرکٹ کے دوران ایکشن میں ہیں اس لیے امید ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ 4 میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق نوجوان کرکٹرز کیلئے ایک رول ماڈل ہیں، ان کی ڈریسنگ روم اور فیلڈ میں موجودگی کپتان ڈیرن سیمی کیلئے بھی کافی مددگار ثابت ہوگی۔
جب جاوید آفریدی سے پوچھا گیا کہ سیمی کی موجودگی میں مصباح کا کیا کردار ہوگا تو انہوں نے کہا کہ سیمی بطور کپتان زلمی کے ہیڈ ہیں، وہ دو بار ویسٹ انڈیز کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جتواچکے ہیں اور ساتھ ساتھ زلمی کو بھی پی ایس ایل ٹائٹل جتوا چکے ہیں جبکہ مصباح الحق دو بار پی ایس ایل چیمپئن رہے۔ یہ دونوں امر ٹیم زلمی کے کھلاڑیوں کو بہتر سے بہتر کرنے کیلئے متاثر کرے گا۔
ٹیم کے انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین سال سے زلمی کی ٹیم کا حصہ رہنے والے تمام کھلاڑی چوتھے ایڈیشن میں بھی ٹیم زلمی کے ساتھ ہیں اور امید ہے کہ یہ کھلاڑی فیلڈ میں اپنا 100 فیصد دے کر پشاور زلمی کو دوسری مرتبہ پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ایک سوال پر جاوید آفریدی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں تمام ٹیمیں اچھی ہیں اور لیگ کے دوران اچھے مقابلے کی توقع ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ ماضی کی طرح اس بار بھی پشاور زلمی کے تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان ضرور آئیں گے۔