دورہ جنوبی افریقا: پاکستان ٹیسٹ ٹیم میں کون اِن کون آؤٹ ہوگا؟

سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ پاکستان ٹیم میں تین اوپنرز امام الحق، شان مسعود اور فخر زمان کو شامل کرنے کے حق میں ہیں— فوٹو: فائل

پاکستان اے کی جانب سے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے والے اوپنر عابد علی کو ان کی محنت کا صلہ ملنا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔

جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان جمعے کو متوقع ہے تاہم ذمے دار ذرائع اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ عابد علی کو محمد حفیظ کی ریٹائرمنٹ کے باوجود ٹیسٹ ٹیم میں جگہ ملنا مشکل دکھائی دے رہی ہے۔

سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ پاکستان ٹیم میں تین اوپنرز امام الحق، شان مسعود اور فخر زمان کو شامل کرنے کے حق میں ہیں۔ عابد علی کے بارے میں مکی آرتھر نے سلیکٹرز کو بتایا ہے کہ ان کی فٹنس زیادہ اچھی نہیں ہے۔ عابد علی کو قومی اکیڈمی بھیج کر ان کی فٹنس پر کام کیا جائے گا۔

31 سالہ عابد علی نے جمعرات کو حبیب بینک کی جانب سے قائد اعظم ٹرافی فائنل میں 134 رنز بنائے۔ عابد علی کا تعلق لاہور سے ہے۔ اس سال انہوں نے پاکستان اے کی جانب سے نیوزی لینڈ اے کے خلاف فرسٹ کلاس میچ میں 81 اور61 رنز بنائے۔

دبئی کے فرسٹ کلاس میچ میں عابد علی نے نیوزی لینڈ اے کے خلاف 105 ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔ متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ لائنز کے خلاف عابد علی نے فرسٹ کلاس میچ میں 113 اور ون ڈے میچ میں140 رنز بنائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فخر زمان کے فٹ ہونے کے بعد عابد علی کا کیس کمزور ہوگیا ہے۔ پاکستانی ٹیسٹ ٹیم میں آف اسپنر بلال آصف کا بھی جگہ برقرار رکھنا مشکل ہے۔ ٹیم انتظامیہ یاسر شاہ کے ساتھ شاداب خان کو ٹیم میں شامل کرنا چاہتی ہے جبکہ پاکستان ٹیم میں فاسٹ بولر محمد عباس، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف، وقاص مقصود، عثمان خان شنواری اور محمد عامرکے درمیان مقابلہ ہے۔ ان میں سے 6 فاسٹ بولر ٹیم میں شامل ہوں گے۔

کپتان سرفراز احمد کے ساتھ وکٹ کیپر محمد رضوان بھی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ مڈل آرڈر بیٹنگ میں کوئی حیران کن سلیکشن دکھائی نہیں دے رہی۔ اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، سعد علی اور سرفراز احمد شامل ہوں گے۔

سلیکٹرز نے ٹیم کا انتخاب مکمل کر لیا ہے تاہم جمعے کو مکی آرتھر سے ٹیلی فونک میٹنگ کے بعد ٹیم کا اعلان کردیا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم ہفتے کو وطن واپس آئے گی اور 6 دن بعد جوہانسبرگ کیلئے روانہ ہوجائے گی۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اشارہ دیا ہے کہ جنوبی افریقا میں پاکستانی ٹیم ٹیسٹ سیریز میں دو اسپنرز یاسر شاہ اور شاداب خان کے ساتھ کھیلنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ فخر زمان اور شاداب خان کی انجری پریشانی والی نہیں ہے۔ محمد عباس بھی تیزی سے فٹ ہورہے ہیں۔ امکان ہے کہ تینوں دورہ شروع ہونے سے قبل فٹ ہوجائیں گے۔

انضمام نے عندیہ دیا کہ یاسر شاہ مستقبل میں ون ڈے ٹیم میں بھی شامل ہوں گے۔ فاسٹ بولر محمد عامر کو آرام دیا گیا ہے ان کی سلیکشن پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کیلئے 23 سالہ بیٹسمین زبیر حمزہ کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے اگر وہ ٹیسٹ کھیلنے میں کامیاب ہوگئے تو اپنی ٹیم کی جانب سے ٹیسٹ کھیلنے والے 100 ویں کرکٹر ہوں گے۔

جمعرات کو جنوبی افریقا نے پاکستان کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے 13 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ فاف ڈوپلیسی کپتانی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ہاشم آملہ، تمبابا ووما، ڈی برائن، کوائنٹن ڈی کوک، ڈین ایلگر، زبیر حمزہ، ماہ راج، ایڈین مارک رام، اولیور، ویرون فیلنڈر، ڈیل اسٹین اوررباڈا شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز کا آغاز 26 دسمبر کو پہلے ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔ دورہ جنوبی افریقا میں پاکستان تین ٹیسٹ میچز، 5 ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گا۔

مزید خبریں :